سڈکو اور سیکاپ بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس

سرینگر//گورنر کے مشیر بی بی ویاس نے سمال سکیل انڈسٹریل سیکٹر کو ریاست میں بڑے پیمانے پر فروغ دینے کیلئے ایک جامع لایحہ عمل مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ نوجوان کارخانہ داروں کی معاونت کی جا سکے ۔ مشیر موصوف یہاں جموں اینڈ کشمیر سٹیٹ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور جموں کشمیر سمال سکیل انڈسٹریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی میٹنگوں کے دوران خطاب کر رہے تھے ۔ کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت شلیندر کمار ، ڈائریکٹر انڈسٹریز جموں اور کشمیر ، کارپوریشنوں کے ایم ڈی ، چیمبر آف کامرس کے نمائیندے اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر پر موجود تھے ۔ مشیر موصوف نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ چھوٹے درجوں کی صنعتوں کو ہر ممکن مدد فراہم کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ابھرتے ہوئے کار خانہ داروں کے مطالبات اور تجاویز پر غور کیا جانا چاہیے ۔ بی بی ویاس نے ایم ڈی سڈکو کو ہدایت دی کہ وہ ماہانہ کی بنیادوں پر ناکارہ پڑے یونٹوں کی فہرست تیار کریں تا کہ اُن کی بحالی کیلئے لازمی اقدامات کئے جا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں لازمی چیک لسٹ تیار کیا جانا چاہئیے ۔ مشیر نے ایس ایس آئی سیکٹر کو فروغ دینے کے تعلق سے دیگر ریاستوں کے نمونوں کا جائیزہ لینے کی بھی ہدایت دی تا کہ اُن اقدامات کو یہاں بھی صنعتکاری کو فروغ دینے کیلئے استعمال میں لایا جا سکے ۔ انہوں نے کارپوریشنوں کو ہدایت دی کہ وہ ایک ایسی موثر حکمتِ عملی وضع کریں جو جدید تقاضوں کے عین مطابق ہو ۔ انہوں نے کارپوریشنوں کی افرادی قوت کو موثر طریقے پر بروئے کار لانے کیلئے کارپوریشنوں کے عملے کی پروفائیلنگ کی بھی ہدایات دیں ۔ انہوں نے کہا کہ کام کاج میں جدید ٹیکنالوجی کو بھی استعمال میں لایا جانا چاہئیے ۔