عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//کرکٹ کی مایہ ناز شخصیت اور بھارت رتن ایوارڈ یافتہ سچن رمیش تندولکر نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے لئے ووٹروں میں بیداری پھیلانے اور ان کی تعلیم کے لئے قومی آئیکون کے طورپر ایک نئی اننگز کا آغاز کیا ہے۔اس سلسلے میں آکاش وانی رنگ بھون نئی دہلی میں منعقدہ ایک تقریب میں چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار اور الیکشن کمشنر انوپ چندر پانڈے اور ارون گوئل کی موجودگی میں تین سال کی مدت کے لئے سچن تندولکر کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے۔آنے والے انتخابات خصوصی طورپر 2024 کے عام انتخابات میں ووٹروں کی شرکت میں اضافے کے لئے آبادیاتی اعتبار سے نوجوانوں پر سچن تندولکر کے غیر معمولی اثر کا فائدہ اٹھانے کے لئے یہ تعاون ایک اہم قدم ہے۔ سچن تندولکر نے کہا کہ ہندوستان جیسی متحرک جمہوریت کے لئے نوجوان ملک کی تعمیر میں ایک کلیدی رول ادا کرتے ہیں۔
سچن تندولکر نے کہا کہ کرکٹ میچوں کے دوران جو دل ٹیم انڈیا کے لئے دھڑکتے ہیں اورایک آواز میں’انڈیا انڈیا‘کا غلغلہ بلند کرتے ہیں، وہ اب اْسی طرح سے ووٹ ڈال کر گرانقدر جمہوری عمل کو آگے بڑھانے کے لئے بھی دھڑکیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ سچن تندولکر ایک مایہ ناز شخصیت ہیں اور صرف ہندوستان میں ہی نہیں، بلکہ عالمی سطح پر انہیں عزت وقار حاصل ہے۔ان کے اثر کا حلقہ کرکٹ کے میدان کے باہر بھی ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ان کا اثر کھیلوں کی دنیا سے باہر بھی ہے، جو انہیں ووٹروں کی ووٹ ڈالنے کی طرف رغبت دلانے کے لئے ایک بہترین انتخاب بنادیتا ہے۔ اس تعاون کے ذریعے مختلف قسم کی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی، جن میں مختلف ٹی وی ٹاک شوز/ پروگراموں اور ڈیجیٹل مہموں وغیرہ کے ذریعے ووٹروں کو بیدار کرنا بھی شامل ہے۔