تھنہ منڈی //تحصیل تھنہ منڈی کے راجدانی علاقہ کے نزدیک سے 30برس قبل سوڑہ تا بھٹیاں زیارت کیلئے تعمیر کی جارہی 8کلو میٹر سڑک کے مکمل نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں و زیارت پر آنے والے عقید ت مندوں کو شدید مشکلات کا سا مناکرنا پڑرہاہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ لاکھوں روپے خرچ کئے جانے کے بعد بھی مذکورہ سڑک کو آمد ورفت کے قابل نہیں بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ مذکورہ سڑک کے مکمل ہو نے سے 20دیہاتوں کی عوام کو سہولیات میسر ہو سکتی ہے لیکن محکمہ تعمیر ات عامہ کی جانب سے اس سڑک کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مذکورہ سڑک علا قہ کی ایک مشہور زیارت بابا سائین والی داد کی زیادت پر جاتی ہے جہاں پر روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں عقیدت مند آتے ہیں جبکہ اس سڑک کی ایک شاخ تحصیل منجا کوٹ کے گھمبیر مغلاں علا قہ کی طرف بھی جاتا ہے لیکن انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے مقامی لوگوں کو طرح طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔عوام نے ضلع انتظامیہ و متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے سوڑہ تا بھٹیاں سڑک کو جلداز جلد گاڑیوں کی آمد ورفت کے قابل بنایا جائے ۔اس ضمن میں اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر نے بتایا کہ اس سڑک کی کشادگی و بہتری کیلئے ایک پروجیکٹ منظور ہو چکا ہے جس کی تخمینہ لاگت 2کروڑ 15لاکھ روپے ہے جبکہ اس کا ٹینڈر ہو چکاہے ۔انہوں نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ ایک ہفتے کے اندر 4کلو میٹر سڑک کا کام شروع کر دیا جائے گا ۔
سوڑہ ۔بھٹیاں سڑک 30برسوں سے تشنہ تکمیل
