‘سوچھ بھارت ابھیان’ کا نعرہ بے سود | قصبہ ٹھاٹھری میں نکاسی نظام کئی ہفتوں سے غیر فعال، بیوپار منڈل برہم

ڈوڈہ //ایک طرف انتظامیہ و باالخصوص محکمہ بلدیہ جگہ جگہ 'سوچھ بھارت ابھیان' کا نعرہ دے رہی ہے وہیں دوسری طرف ڈوڈہ ضلع کے قصبہ ٹھاٹھری میں میونسپل کمیٹی کی ناقص کارکردگی سے مقامی لوگوں و عام راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ صدر بیوپار پرویز احمد کچلو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پچھلے کئی مہینوں سے قصبہ کے بیچ سے گذر رہی ڈرین غیر فعال ہوچکی ہے اور جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر پڑے ہیں جس کی وجہ سے پورے بازار میں بدبو پھیلی ہوئی ہے لیکن متعدد بار میونسپل کمیٹی و مقامی انتظامیہ کی نوٹس میں لانے کے بعد بھی کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔انہوں نے کہا کہ نکاسی نظام غیر فعال ہونے سے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ عام راہگیروں کو بھی سفر کرنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور باالخصوص بزرگوں، خواتین و بچوں کو اس میں گرنے کا خطرہ رہتا ہے۔صدر بیوپار منڈل نے میونسپل کمیٹی و انتظامیہ کی عدم توجہی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قصبہ کے بیچ میں گذرنے والی ڈر ینج سسٹم کو بہتر بنانے و اسکی مکمل صفائی کے لئے معقول انتظام نہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ قصبہ کی صحت و صفائی سے متعلق کس قدر سنجیدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ و باالخصوص محکمہ بلدیہ کی نااہلی پر بیوپار منڈل نے نکاسی نظام کو مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا متبادل تلاش کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہوگی۔اس سلسلہ میں کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے سب ڈویژنل مجسٹریٹ ٹھاٹھری اطہر آمین زرگر نے کہا کہ نکاسی نظام کی تعمیر نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے کرنی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اس بارے میں وہ متعلقہ ادارے کو جوابدہ بنا کر ڈرینج سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔