سوپور//شمالی قصبہ سوپور کے بیشتر علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی قلت کے نتیجے میں مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ جل شکتی کے خلاف برہمی کااظہارکیا ۔قصبہ کے سنگرامپورہ، خواجہ گلگت، خوشحال متو، نہرپورہ اور دیگر ارد گرد علاقوں کے لوگوں کاکہنا ہے کہ ان علاقوں میں گزشتہ ایک ہفتے سے پینے کے پانی کی سخت قلت پائی جارہی ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس بارے میں محکمہ جل شکتی کے ملازمین کو آگاہ کیا لیکن وہ کوئی کارروائی نہیں کررہے ہیں۔ سنگرامپورہ کے ایک باشندے غلام محی الدین بٹ نے بتایا کہ ان کے علاقے میں ہر سال گرمیوں اور سردیوں کے ایام شروع ہوتے ہی پانی کی شدید قلت پائی جاتی ہے جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ ندی نالوں کا گندہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہوتے ہیں ۔ اسی طرح نہر پورہ کے مقامی باشندے محمد یونس شاہ نے بتایا کہ اگر چہ ان کا علاقہ محکمہ جل شکتی کے دفتر سے محض 50 میٹر دور واقع ہے لیکن پھر بھی قلت پائی جاتی ہے ۔