سوپور+ترال// سوپورمیں جمعہ کے روزمشتبہ جنگجوئوں نے سیکورٹی فورسز کے ایک بنکرپر گرینیڈحملہ کیا،جس کی زدمیں آکر ایک فورسزاہلکاراور2راہگیرزخمی ہوگئے۔ادھرڈاڈسرہ ترال میں بارودی سرنگ کو ناکارہ بنایا گیا۔سوپور قصبہ کے میں مین چوک کے نزدیک واقع اسٹیٹ بینک آف انڈیا شاخ کی عمارت میں قائم سی آرپی ایف بنکر کو نشانہ بنا کرمشتبہ جنگجوئوںنے گرینیڈداغاجو بنکرکے نزدیک بیچ سڑک پرزورداردھماکے کیساتھ پھٹ گیا۔ پولیس نے بتایاکہ گرینیڈ حملے کے نتیجے میں ایک سی آر پی ایف اہلکاراور2راہگیر آہنی ریزے لگنے سے زخمی ہوگئے ۔زخمی ہونے والے فورسزاہلکارکی شناخت پی کارتک اور شہریوںکی شناخت 45سالہ عبدالرشیدڈار ولدغلام احمدڈار ساکن وٹلب اور48سالہ غلام محمدلون ولد عبدالصمد لون ساکن باغ ثناء سوپور کے بطورہوئی ہے ۔پولیس کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ۔ایس ایس پی سوپورسدھانشوورمانے کہاکہ جنگجوئوںنے سی آرپی ایف کی179ویں بٹالین کے کیمپ کی جانب گرینیڈ داغا ،جسکے نتیجے میں کچھ افرادزخمی ہوگئے ۔ ادھر جنوبی ضلع پلوامہ کے ڈاڈسرہ ترال میں پولیس نے ایک بارودی سرنگ کا پتہ لگا کر اسے تباہ کیا۔ اونتی پورہ پولیس نے فوج کے ہمراہ دوران شب گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول ڈاڈسرہ ترال کے نزدیک ترال۔ ڈاڈسرہ سڑک پر ایک بارودی سرنگ کا پتہ لگایا۔اس موقع پربم ناکارہ کرنے والے ماہرین کو طلب کیا گیا جنہوں نے سرنگ کو ناکارہ بنا یا۔مقامی لوگوں کے مطابق دوران شب ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کی وجہ سے دور دور تک کے مکان ہل گئے۔پولیس نے کہا کہ’’ یوم آزادی سے قبل ایک بڑے حادثے کو ٹالا گیا ہے‘‘۔