سوپور //پچھلے 18ماہ سے تنخواہوں سے محروم محکمہ پی ایچ ای کے کیجول لیبروں ، نیڈ بیس ورکروں اور ڈیلی ویجروں نے سنیچر کوسوپور میں احتجاج کیا اورعید سے قبل مانگوں کو پورا کرنے کا مطالبہ دہرایا۔ احتجاجی ورکروں نے پی ایچ ای ڈویژن سوپور کے احاطے میں جمع ہوکرریاستی سرکار اور محکمہ پی ایچ ای کے خلاف نعرہ بازی کی۔ اس موقعے پرڈیلی ویجروں اور کیجول لیبروں کے صدر محمد رفیع لون نے کہا کہ سرکار نے پچھلے 18ماہ سے ہماری تنخواہیں واگذار نہیں کی ہیں جسکی وجہ سے ملازمین سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار نے پی ایچ ای کے جموں صوبے سے تعلق رکھنے والے ملازمین کیلئے رقومات جمع کرنے والی ہے جبکہ کشمیر میں پی ایچ ای کے کیجول لیبروں اور دیگر عارضی ملازمین کی تنخواہیں ابھی بھی واگذار نہیں کی گئیں۔