سرینگر/بلال فرقانی/ پولیس نے جمعرات کو شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے سوپور علاقے میں سی آر پی ایف بنکر پر مبینہ طور پر پٹرول بم پھینکنے کے الزام میں ایک خاتون کو گرفتار کیا، جس کی شناخت حسینہ اختر کے نام سے کی گئی۔ آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے بتایا ’’ ان کے خلاف یو اے پی اے کے تحت تین ایف آئی آر درج ہیں،وہ لشکر طیبہ کی اپر گرائونڈ ورکر ہے"۔انہوں نے کہا کہ حسینہ سال 2008سے10 20میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی سے رابطے میں آئی اور انتہا پسند نظریہ اپنایا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ان کا شوہر محمد یوسف بٹ پتھرباز تھا اور وہ سال 2016 میں 17 ماہ کے لیے PSA کے تحت نظر بند تھا۔پولیس نے بتایا کہ حسینہ کے خلاف سال 2019 میں ایک مقدمہ (ایف آئی آر 281 کے تحت (عسکریت پسند) تنظیم لشکر طیبہ کے پوسٹر لگانے پر ہندواڑہ میں درج کیا گیا تھا۔ ایک بار پھر اس کے خلاف ایک مقدمہ/2021 12 کے تحت درج کیا گیا تھا۔اسے دسمبر 2021 میں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔ سوپور میں اس واقعے کے بعد وہ گرفتاری سے بچ رہی ہے۔ سوپور پولیس نے اسے گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی۔