سوپور//سوپور کے میونسپل کونسلر وں اور شہریوں پر مشتمل ایک وفد نے منگل کو سرینگرمیں چیف انجینئرمحکمہ جل شکتی سے ملاقات کی۔ کونسلروںنے چیف انجینئرکی نوٹس میں یہ بات لائی کہ سوپورقصبہ کے بیشتر علاقوں اورکالونیوں میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی پائی جاتی ہے ،جس وجہ سے ہزاروں لوگوں کومشکلات کاسامنا کرناپڑرہاہے ۔انہوں نے چیف انجینئرکو بتایاکہ سوپورقصبہ اوراسکے نواحی علاقوں میں بغیر خلل پینے کے صاف پانی کی فراہمی کویقینی بنانے کیلئے 55کروڑروپے کی لاگت سے ایک واٹر سپلائی اسکیم ہاتھ میں لی گئی لیکن اس اسکیم کی عمل آوری کے بارے میں اب خاموشی چھائی ہوئی ہے ۔ کونسلر مسرت رسول کارنے میٹنگ کے دوران چیف انجینئرسے مانگ کی کہ سوپورقصبہ اوراسکے نواحی علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کویقینی بنانے کیلئے پہلے ہی منظورشدہ55کروڑروپے لاگت والی واٹر سپلائی اسکیم کی عمل آوری کویقینی بنانے کیلئے مداخلت کریں ۔چیف انجینئر نے وفد کی بات خندہ پیشانی کے ساتھ سنی اوریقین دلایاکہ سوپورمیں پانی کی بلاخلل فراہمی کویقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات روبہ عمل لائے جائیں گے ۔پانی کی فراہمی کوبہتر بنانے کیلئے چیف انجینئر نے موقع پرہی جل شکتی محکمہ کیلئے 20لاکھ روپے کی رقم واگزارکی گئی۔وفدنے چیف انجینئر کا شکریہ اداکیاکہ انہوںنے سوپورمیں پینے کے پانی کی فراہمی کوبہتر بنانے کیلئے فوری طورپربیس لاکھ روپے واگزار کئے اوریقین دلایاکہ سوپور میں پانی کی سپلائی کوبہتربنانے کیلئے مزیداقدامات کئے جائیں گے ۔