سوپور //شمالی قصبہ سوپور میں گزشتہ رات نقب زنوں نے ایک الیکٹرانک دوکان میںموجود لاکھوں روپے کا سازوسامان اڑا لیا۔ بدھوار اور جمعرات کی درمیانی شب کو شاہ فیصل مارکیٹ میں محمد مقبول میر کی الیکٹرانک دوکان ’’ المراد آفس آٹو میشن‘‘ میں موجود لیپ ٹاپ،کمپیوٹر اور دیگر قیمتی آلات اڑالئے۔ دوکان کے مالک محمدمقبول میر نے بتایا کہ جب وہ جمعرات کی صبح حسب معمول اپنی دوکان کھولنے کیلئے پہنچ گیاتو وہ یہ دیکھ کر ششد رہ گیا کہ دوکان کا شٹر ایک طرف سے توڑا ہوا تھا اور دوکان میں قیمتی ساز وسامان غائب پایا۔پولیس کو مطلع کرنے پر ایک ٹیم وہاں پہنچی اور دوکان کا معائنہ کرنے کے بعد کیس درج کرلیا۔ادھر قصبہ کے تاجروں نے انتظامیہ اور پولیس کو قصبہ میں نقب زنی کے اس جاری سلسلے پر قابو پانے کیلئے اقدامات کرنے کی اپیل کی۔