سوپور//غلام محمد//سوپور پولیس نے سعید پورہ میں ایک جنگجو کے نمازجنازہ میں شامل ہوئے لوگوں کی شناخت شروع کی ہے ۔سجاد نواب ڈارولدمحمدنواب ساکن سعیدپورہ، گلاب آبادآرم پورہ میں بدھ کو فورسزکے ساتھ دن بھر جاری ایک تصادم آرائی کے دوران جان بحق ہواتھا۔ ایک اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ اس معاملے کی تیزتربنیادوں تحقیقات ہورہی ہے اورنمازجنازہ میں شامل ہوکرلوگوں نے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کی تھی۔پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر اس سلسلے میں اَپ لوڈ کئے گئے ویڈیوز اور تصاویر کی بنیاد پر اِن لوگوں کا پتہ لگایا جارہا ہے اورانہیں عنقریب گرفتار کیاجائے گا ۔پولیس افسر کے مطابق مہلوک جنگجو کی نمازجنازہ میں اس تعداد میں لوگوں کی شرکت نہ صرف کووڈ-19-کی وجہ سے جاری سرکاری احکامات کی عدولی ہے بلکہ اس سے پورے علاقہ کی آبادی کو اس وبائی بیماری کاشکار ہونے کاخطرہ ہے ۔اس سے قبل گائوں کے ذمہ دار لوگوں کو صلاح دی گئی تھی کہ وہ مہلوک جنگجو کی آخری رسومات سرکاری پروٹوکول کے تحت انجام دیں۔اس سلسلے میں پولیس نے جنازہ میں شامل ہوئے لوگوں کے خلاف ایف آئی آر زیرنمبر70/2020زیردفعہ188IPCدرج کیا ہے ۔اس دوران سوپور میں لاک ڈائون کو سخت کیاگیا ہے اور لوگوں سے درخواست کی گئی کہ وہ کسی بھی حال میں گھروں سے باہر نہ آئیں۔