سوپور//سوپور میں پولیس نے ایک جنگجو تنظیم کے ایک جعلی گروہ کا پردہ فاش کرکے تین افراد کو گرفتار کرکے کیس درج کیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ پولیس کو ایک شخص(نام مخفی) کی شکایت موصول ہوئی جس میں اُس نے کہا تھا کہ اُسے جنگجو تنظیم کے لیٹرپیڈ پرایک خط موصول ہوا ہے جس میں اُسے تنظیم کیلئے پچاس ہزارروپے دینے کی ہدایت دی گئی تھی کیوں کہ تنظیم کو مختلف سرگرمیاں انجام دینے کیلئے رقومات کی ضرورت تھی۔ پولیس کے مطابق شکایت موصول ہوتے ہی ایف آئی آر زیر نمبر 11/2021غیرقانونی سرگرمیوں کی روکتھام کے قانون کے دفعات452,393,120-B,511کے تحت سوپورتھانے میںدرج کیاگیا ۔دوران تحقیقات اس بات کا انکشاف ہواکہ تین افرادجن کی شناخت اشفاق احمد ریشی،ممتازاحمد واراورعبدلقیوم گنائی کے طور کی گئی ،نے شکایت کنندہ سے روپے اینٹھنے کا منصوبہ بنایا۔پولیس نے ملزموں کو گرفتار کیا اور انٹرگیشن کے دوران انہوں نے کہا کہ کیسے وہ معصوم لوگوںجن میں تاجر،اورعام لوگ شامل ہیں، کو بلیک میل کرکے روپیہ اینٹھتے تھے۔ملزموں نے اعتراف کیاکہ وہ پہلے ہدف کا تعین کرتے تھے اور اس کے بعد اُس سے پیسے وصول کرنے کا منصوبہ ترتیب دیتے تھے اورجنگجو تنظیم کے لیٹرپیڈ پربچوں کے ذریعے خط بھیجتے تھے ۔ان کے قبضے سے ایک مہر بھی برآمد کی گئی ۔انہوں نے اپنی کارروائیاں سوپور کے مرکزی قصبے اور وارپورہ میں انجام دیں تھیں۔اب تک پولیس نے آٹھ لوگوں کی شناخت کی ہے جنہیں ان لوگوں نے لوٹا ہے ۔اس سے قبل بھی سوپور پولیس نے 2019میں اسی طرح کی ایک گینگ کوافشاء کیاتھا۔اس دوران کیس کی تحقیقات جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کاامکان ہے۔سوپور پولیس نے عام لوگوں کو صلاح دی ہے کہ وہ سماج دشمن عناصر کی کسی بھی سرگرمی کو پولیس کی نوٹس میں لائیں۔