سوپور//غلام محمد // پچھلے ایک ماہ کے دوران سوپور میں تعلیمی اداروں کے بند رہنے کے پیش نظر بائز ہائر سکنڈری سکول اور ڈگری کالج سوپور کے سینکڑوں طلاب نے ضلع انتظامیہ کے ساتھ ملاقات کی ۔ وفد نے ایڈیشنل ترقیاتی کمشنر سوپور سے ملاقات کر کے ایک یاداشت پیش کی جس میںا سکولوں کو کھولنے اور ان کے تدریسی عمل کو بحال کرنے کی اپیل کی گئی ۔ وفود نے بتایا کہ مسلسل اسکولوں کو بند رکھنے سے اُن کا نصاب مکمل نہیں ہو سکتا ہے اور اسکولوں کو بند رکھنے کا مقصد طلاب کے کیریر کو تباہ کرنے کے مترادف ہے ۔کئی ایک طلاب نے کہا کہ اُن کے امتحانات کےلئے تاریخوں کا اعلان ہو چکا ہے لیکن ہم نے ابھی تک اسکولوں میں پریکٹیکل کےلئے کوئی کام شروع نہیں کیا کیونکہ یہاں پچھلے کئی دنوں سے سکول بند ہیں ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اسکولوں میں درس وتدریس کا کام شروع کرنے کےلئے ہنگامی بنیادوں پر سکولوں کو کھولیں تاکہ طلاب اپنے مستقبل کو بچا سکیں ۔