سوپور//سوپور پولیس نے البدر کے نیٹ ورک کو بے نقاب کر کے 4 ملی ٹینٹ اور3معاونین کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے اسلحہ گولہ بارود ، قابل اعتراض مواد اور نقدی رقم بر آمد کرکے ضبط کی گئی ۔ڈی آئی جی شمالی کشمیر نے بارہمولہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سوپور پولیس، 32 RR اور 92 بٹالین سی آر پی ایف کی طرف سے رفیع آباد میں ایک مشترکہ کارروائی شروع کی گئی، کہ کالعدم ملی ٹینٹ تنظیم البدر سوپور میں کئی مقامات پر سیکورٹی فورسز پر حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ تلاشی آپریشن کے دوران3ملی ٹینٹوںکو گرفتار کر کے اسلحہ اور گولہ بارود سمیت قابل اعتراض مواد برآمد کر لیا گیا۔انکی شناخت وارث احمد تانترے ولدعبدالطیف تانترے ساکن راوچھہ رفیع آباد ،محمد سلطان وانی ولد محمد سلطان وانی ساکن نوپورہ سوپور اورطارق احمد بٹ ولد ثناء اللہ بٹ ساکن چونٹی پورہ ہندواڑہ کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پوچھ تاچھ کے دوران انہوں نے اس بات کا انکشاف کیا کہ وہ اپنے ہینڈلرز عرفیوسف بلوسی ساکن پاکستان اور خورشید ساکن اننت ناگ حال پاکستان کی ہدایت پر البدر کے لیے پچھلے 2 سالوں سے کام کر رہے ہیں۔جن کو رفیع آباد سوپور میں عسکریت پسندی کو بحال کرنے، البدر تنظیم میں نوجوانوں کی بھرتی، ملی ٹینٹوں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے، نئے بھرتی ہونے والوں کے لیے ہتھیاروں کی خریداری اور بندوبست وغیرہ کے لیے کا م سونپا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نذیر احمد بٹ کو سوپور پولیس اور 21 آر آرنے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران حراست میں لیا جس نے اپنے دیگر تین ساتھیوں ی نشاندہی کی۔ان میںمحمد اشرف ملک ولد محمد اکبر ملک ساکن درنگسو، محمد افضل ٹھوکر ولد عبدالعزیز ٹھوکر ساکن قلم آباد ماور ہندواڑہ اور شبیر احمد شاہ ولد غلام حسن شاہ شیرامہ ماور ہندواڑہ کو بھی بعد میں گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود، بھاری رقم اور دیگر سامان سمیت مجرمانہ مواد بھی برآمد کیا گیا۔تھانہ پولیس ڈنگی وچھ رفیع آباد نے اس سلسلے میں کیس ایف آئی آر نمبر 14/2022 درج کیا گیا ہے۔
سوپور میں البدر کے 4ملی ٹینٹ گرفتار | 3معانین بھی حراست میں لئے گئے
