سوپور اور ہندوارہ میں سڑک حادثات

سوپور+ہندارہ//شمالی کشمیر کے سوپور ا ور ہندارہ علاقوں میں سڑک کے الگ الگ حادثوں میں دولڑکیوں سمیت پانچ افرادزخمی ہوگئے ہیں۔سوپور کے مضافات رامپورہ راجپورہ کی پہاڑی سے ایک نجی کار کے کھائی میں گرجانے سے اس میں سوار تین افرادزخمی ہوئے۔اطلاعات کے مطابق گاڑی زیرنمبر JK05J-2738 سوپور سے رام پورہ راج پور جارہی تھی کہ اس دوران کار ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر کھائی میں جاگری اور گاڑی میں سوارمحکمہ جنگلات کے ملازم سمیت تین افراد کو چوٹیں آئی،جن کی شناخت پرویزاحمد،غلام محی الدین اورمحکمہ جنگلات کے ملازم مشتاق احمدصوفی کے طور ہوئی ۔انہیں حادثے کے فوراًبعدسوپوراسپتال پہنچایا گیاجہاں ڈاکٹروں نے مشتاق احمد صوفی کی نازک حالت کو دیکھ کر اُسے سرینگر منتقل کیا۔اس سلسلے میں پولیس نے موقعہ واردات پر پہنچ کر حادثے کا جائزہ لیا اور متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کیا۔ادھر ہندوارہ میں دو الگ الگ حادثات میں دو لڑکیا ںزخمی ہو گئیں، جنہیں مقامی اسپتالو ں میں علاج و معالجہ کے لئے داخل کیا گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ ایک تیز رفتار ماروتی کار زیر نمبر JK09-7733نے کہرو لنگیٹ میں ایک دوشیزہ رخسانہ اختر دختر عاشق حسین بٹ کو ٹکر مار دی جس کی وجہ سے وہ شدیدزخمی ہو گئی ۔مقامی لوگو ں نے خون میں لت پت دوشیزہ کو سب ضلع اسپتال لنگیٹ میں علاج و معالجہ کے لئے دا خل کیا ۔اس ودران ہندوارہ کے ہی جگر پورہ علاقہ میں ایک اور حادثہ میں ایک ماروتی کار زیر نمبر JK09-3223نے منگل کی دوپہر کو الفت علی دختر علی محمد ڈار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں الفت زخمی ہو گئی ۔مقامی لوگو ں نے زخمی الفت کو فوری طور ضلع اسپتال ہندوارہ میں علاج و معالجہ کے لئے بھرتی کیا جہاں اس  حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔پولیس نے دونو ں معاملو ں میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔