سوپور +شوپیان+بانڈی پورہ// سوپور، بجبہاڑہ،ترال اور شوپیان کے کئی دیہات میں لگاتار تلاشی آپریشن ہورہے ہیں۔22آر آر ، سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے جمعرات کی سہ پہر بہرام پورہ رفیع آباد نامی گائوں کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی کارروائی کی۔پولیس نے بتایا کہ گائوں میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد یہاں آپریشن کیا گیا جو شام دیر گئے تک جاری رہا۔تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ادھر دراچھ شوپیان نامی گائوں کا 44آر آر ،178 بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے بدھ کی شام محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی کارروائی کی۔ یہاں کئی فٹ برف موجود ہونے کے باوجود شدید سردی میں تلاشی کارروائی کی گئی البتہ کوئی گرفتاری نہیں کی گئی۔جمعرات کو انہی فورسز یونٹوں نے مشترکہ طور پر ڈگہ پورہ امام صاحب گائوںکو محاصرے میں لے کر تلاشی کارروائی عمل میں لائی۔تلاشی کارروائی مکمل کرنے کے بعدیہاں بھی محاصرہ ہٹایاگیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز شوپیان ضلع کے نادی مرگ اور ربن زینہ پورہ دیہات کو گھنٹوں تک محاصرے میں لے کر تلاشی کارروائیاں انجام دی گئی تھیں۔ادھر ماچھہامہ باغندر ترال میں 42آرآر، 180 بٹالین سی آر پی ایف اور ایس او جی ترال نے ایک گھر پر چھاپہ مارا اور تلاشیاں لیں۔اس دوران بجبہاڑہ کے ویری نامی گائوں میںجنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پرفورسز نے محاصرہ کیا ۔ اس دوران فوج کی جانب سے گھر گھر تلاشی لی گئی۔ادھر پولیس نے بانڈی پورہ میں 14روز سے سرگرم ایک جنگجوکی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔ایس ایس پی بانڈی پورہ راہل ملک نے ایک پریس کانفرنس میں گرفتار جنگجو کی شناخت امتیاز احمد خان ولد فیاض احمد خان ساکن پنزی گام بانڈی پورہ کے بطور کی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ نوجوان 12روز قبل لاپتہ ہوا تھا اور اس کے بعد جیش محمد عسکری تنظیم سے وابستہ ہوا ہ ۔ایس ایس پی نے کہا کہ مذکورہ جنگجو دو روز قبل 26جنوری کے موقعہ پر انٹلی جنس رپورٹ کے مطابق سوپور میں تھا جہاں فورسز نے سرچ آپریشن کیاجس دوران یہ فرار ہوکر بانڈی پورہ پہنچ گیا ۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ فرار ہونے کے ساتھ ہی اسکی جانکاری ملتی رہی اور فورسز نے اسے ایک کارروائی کے دوران بانڈی پورہ میں گرفتار کیا۔ گرفتار جنگجوکی تحویل سے پانچ ہتھ گولے ایک پستول اور اسکے کچھ رائونڈ کے علاوہ دیگر کچھ قابل اعتراض مواد ضبط کیا گیا ۔