سوپور +بانڈی پورہ//سو پور اور بانڈی پورہ میں پولیس و سیکورٹی فورس نے مختلف کارروائیوں کے دوران ملی ٹینٹوں کے6اعانت کاروں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا ہے۔پولیس کے مطابق سوپور پولیس، 22 آر آر اور 179 بٹالینسی آر پی ایف نے گزشتہ منگل 11 جنوریکو تھانہ بومئی کے دائرہ اختیار میں واقع زینہ گیر سوپور کے درپورہ علاقے میںچنار کراسنگ پر ایک مشترکہ ناکا قائم کیا تھا،جس کے دوران فورسز نے تین افراد کو گنڈ براٹھ گاؤں سے بومئی کی طرف مشکوک حالات میں آتے دیکھا۔ ناکہ پر ان تینوں افراد کو جب رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی، لیکن سیکورٹی فورسز نے مستعدی کا مظاہرہ کرکے تینوں کو دھر لیا۔گرفتار شدگان کی شناخت عرفات مجید ڈار ولد عبدالمجید ڈار ساکن سوپور، توصیف احمد ڈار ولد مرحوم غلام حسن ڈار ساکن آرم پورہ سوپور اور مومن نذیر خان ولد نذیر احمد خان ساکن آرم پورہ سوپور کے بطورہوئی۔ ان کی تحویل سے دو پستول، دو پستول میگزین، 13 پستول گولیاں اور ایک گرینیڈ بر آمد کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات سے منکشف ہوا کہ گرفتار شدگان لشکر طیبہ کے اعانت کار تھے ۔ ادھر سنیچر کے روز بانڈی پورہ میں فوج ، سی آر پی ایف اور پولیس نے ایک مشتر کہ کارروائی کے دوران لشکر طیبہ کیلئے کام کرنے والے تین معاون کارکنوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ ایک خصوصی کارروائی کے دوران گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔یہ نوجوان ملی ٹینٹوںکی معاونت کرنے کے علاوہ انہیںدیگر مدد فراہم کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تینوں سے اسلحہ و گولہ بارود بھی ضبط کر لیا گیا ۔ ادھر بانڈی پورہ قصبہ کے متصل باغ پاپہ چھن کا دن بھر محاصرہ کیا گیا اور بعد دوپہرایک بارودی سرنگ بر آمد کی گئی۔پورے علاقہ میں ٹریفک بند کیا گیا اور لوگوں کی نقل وحر کت بھی روک دی گئی۔بعدمیںبم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیاگیا، جس نے 10کلو وزنی بارودی سر نگ کو ناکارہ بنایا ۔
سوپور اور بانڈی پورہ میں کارروائیاں | ملی ٹینٹوں کے 6معاونین گرفتار، 10کلو بارودی سرنگ ناکارہ
