سوپور// سوپور میونسپل کونسل کیلئے منتخب ہوئے کونسلروں کے ایک وفد نے بدھ کو مسرت رسول کار( کونسلر)کی سربراہی میں ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیزکشمیر ریاض احمدوانی کے دفتر میں ملاقات کی۔ مسرت کار نے ڈائریکٹرموصوف کوسوپور قصبہ کے مسائل اورعوام کودرپیش مشکلات کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے ڈائریکٹر کوبتایاکہ21میونسپل وارڈوں پرمحیط سوپور قصبہ میں کوڑا کرکٹ اوردیگر ٹھوس فضلہ کوٹھکانے لگانے کیلئے کوئی ڈمپنگ جگہ مخصوص نہیں ہے ،جس کے باعث یہ ساراکوڑا کرکٹ سڑکوں اورگلی کوچوں کے کناروں پر پڑا رہتاہے ۔انہوںنے کہاکہ جگہ جگہ گندگی وغلاظت کے ڈھیر جمع رہنے سے بدبو ماحولیاتی آلودگی کاموجب بن رہی ہے اورمتاثرہ علاقوں کے لوگ مہلک بیماریوں میں مبتلاء ہوسکتے ہیں ۔مسرت کار نے ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز کشمیر کوبتایاکہ سوپور میں میونسپل کونسل کیلئے دفتر نہیں ہے ،جس کی وجہ سے یہاں تعینات افسروں اورملازمین کومشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔وفدمیں شامل دیگر کونسلروں نے بھی ڈائریکٹر موصوف کو بتایاکہ سوپور جیسے اہم اورمصروف ترین قصبہ میں لازمی شہری سہولیات کافقدان پایاجاتاہے اوراس جانب فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ڈائریکٹر نے کونسلروں کی جانب سے اُبھارے گئے مسائل ومشکلات کوخندہ پیشانی کے ساتھ سننے کے بعد یقین دلایا کہ ڈمپنگ ائریا اوردیگرمسائل ومشکلات کاازالہ کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں گے ۔