سوپور+ٹنگمرگ+پلوامہ// سوپور ،ٹنگمرگ اورپلوامہ میںآگ کی الگ الگ واردات میں 6مکانات مکمل خاکستر ہوگئے ہیں اور لاکھوں کی املاک تباہ ہوگئی۔ سوپور کے مہاراج پورہ میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں 4 رہائشی مکانات مکمل خاکستر ہوگئے جبکہ مزید2مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔آگ سنیچر صبح ایک رہائشی مکان سے نمودار ہوگئی جس نے آناً فاناً نزدیک ہی قائم مزید 5 مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ رونما ہونے کے ساتھ ہی مقامی لوگوں نے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کو مطلع کیا جنہوں نے موقع پر پہنچ کر مقا می لوگوں کے ساتھ آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی جنہوں نے آگ پر قابو پا لیا تاہم 4مکانات مکمل طور خاکستر ہوگئے اور 2کو جزوی نقصان پہنچا۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں چار رہائشی مکانات مکمل طور پر خاکستر ہو گئے جبکہ دو مکانوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچ گیا ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس واردات میں لاکھوں روپئے کی املاک تباہ ہوگئی۔ جن افرادکے مکانات مکمل یا جزوی طور طور خاکستر ہوگئے اُن میں بلال احمد ملا ، جاوید احمد ملا ،محمد یوسف ملا ،نذیر احمد ملااور محمد سبحان ملا شامل ہیں۔اس دوران ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او سوپور نے جائے واردات پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اورمتاثرین کو فوری امدادافراہم کرنے کایقین دلایا۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ہردہ اچھلو ٹنگمرگ میں جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب کو آگ کی ایک ہولناک واردات میں محمد سبحان کمار ولد عبدالرحیم کاایک دو منزلہ رہاشی مکان خاکستر ہوگیا ۔اگرچہ فائر سروس بروقت جائے واردات پرپہنچ گیا تاہم آگ اس قدر بھیانک تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے رہاشی مکان مال و اسباب سمیت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ مقامی لوگوں نے ضلع اتنظامیہ سے متاثر کنبے کی معاونت کا مطالبہ کیا ہے۔ادھر شام گئے پلوامہ کے بونہ پورہ مرن علاقے میں شام کے آٹھ بجے عبدالرحمان گنائی ولد علی محمد گنائی کا تین منزلہ مکان آگ کی ایک ہولناک واردات میں مکمل طور خاکسترہوگیا۔آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ۔