سرینگر// بادامی باغ کے کنٹونمنٹ علاقے میں واقع سونہ وار میں گزشتہ ایک ہفتے سے گندگی اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے نہ لگانے کے خلاف مقامی لوگوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ سونہ وار علاقہ کنٹونمنٹ حدود میں آتا ہے اور علاقے کی صفائی و ستھرائی کا انتظام بھی کنٹونمنٹ بوڑڈ کے ہی ذمہ ہے تاہم گزشتہ کئی روز سے سڑکوں اور کوڑے دانوں میں گندگی کے ڈھیر جمع ہوئے ہیں اور بورڈ کا عملہ کوڑا کرکٹ اٹھانے کی زحمت بھی گوارہ نہیں کر رہا ہے۔ شمیم احمد نامی مقامی شہری نے کہا کہ اگرچہ با ضابطہ طور پر کوڑاکرکٹ ہٹانے کیلئے لوگ ماہانہ فیس بھی ادا کرتے ہیں تاہم اس کے باوجود بھی موسم سرما میں اس کوڑا کرکٹ کو ٹھاکنے نہ لگانے کی وجہ سے ہر سو عفونت اور بدبو پھیل رہی ہے۔انہوں نے کہا’’ ایک جانب بورڈ اور سیول انتظامیہ حکام کرونا وائرس سے بچنے کیلئے صفائی و ستھرائی رکھنے کا مشورے دیتا ہے اور دوسری جانب کوڑا کرکٹ کو ہٹایا نہیں جا رہا ہے‘‘۔مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ کوڑا کرکٹ اب کوڑے دانوں سے باہر نکل کر سڑکوں پر پھیل رہا ہے اور اگر فوری طور اس کا تدارک نہیں کیا گیا تو شدید قسم کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ لاحق ہے۔ مقامی لوگوں نے بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر اور چیئرمین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور فوری طور پر اس کوڑا کرکٹ کو ٹھکانہ لگانے کا انتظام کریں۔