کنگن+کرناہ//سیاحتی مقام سونہ مرگ میں گاندھی جینتی کے موقع پر صفائی مہم کا اہتمام کیا گیا جس میں سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ملازمین کے علاوہ ٹورسٹ پولیس نے بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی مشتاق احمد راتھر نے کہا کا کہ صفائی یقینا سماج کی سوچ اور اس کی فکرکی آئینہ دار ہوتی ہے اور ایک صاف ستھرا سماج ہی صحت مند رویوں کا حامل ہوتا ہے۔ہم سبھوں کا یہ مشترکہ فریضہ اور اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے گرد و نواح کو صاف ستھرا رکھیں اور دوسروں کیلئے ایک قابلِ تقلید مثال قائم کریں۔ اس موقع پر موجود ٹورسٹ آفیسر نے صفائی کو جزوِ ایمان قرار دیتے ہوئے تمام لوگوں کو اس پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ صفائی کے اس مشترکہ عمل کے دوران ملازمین نے حلف لیا کہ وہ اپنے کام کرنے کی جگہ کے علاوہ اپنے رہائشی علاقوں کو صاف ستھرا رکھیں گے اور دوسرے لوگوں اور بچوں کو بھی اس کی ترغیب دیں گے ۔ادھر چیئرمین تحصیل لیگل سروسز کمیٹی کرناہ وسیم احمد مرزا کی نگرانی میں سنیچر کوپین انڈیا آگاہی اور آؤٹ ریچ مہم کے تحت ایک صفائی مہم کورٹ کمپلیکس ٹنگدار میں منعقد ہوئی جس میں سکولی بچوں کے علاوہ پنچایتی اراکین اور مقامی لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔اس موقع پر جوڈیشل مجسٹریٹ کرناہ وسیم مرزا نے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اردگرد صفائی کی طرف توجہ دیں۔ اس کے بعد کورٹ کمپلیکس سے شروع ہونے والی یہ مہم ٹنگڈار میں اختتام پذیر ہوئی ۔طلباء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر صفائی ستھرائی کے بارے میں لکھا ہوا تھا ۔