جموں// شعبہ موسمیات میں بہترین کارکردگی اورخدمات انجام دینے کیلئے ریاست جموں وکشمیر کے محکمہ موسمیات کے المعروف ڈائریکٹر سونم لوٹس نے حال ہی انعام کے طورپر برائے سال 2017-18 کے دوران حاصل کی گئی 50,000 روپے نقدی ریاست کے تینوں خطوں کی عوامی فلاح وبہبودی کیلئے عطیہ دینے کافیصلہ کیاہے۔ قابل ذکرہے کہ حال ہی میں ڈائریکٹر موصوف کو موسمیات کے شعبہ میں نمایاں کارکردگی کیلئے مرکزی وزارت ارتھ اینڈ سائنسز نئی دہلی کی جانب سے بطورانعام 50ہزارنقدی کے علاوہ توصیفی سند سے سرفراز کیاگیا ہے جو ریاست جموں وکشمیرکیلئے کافی باعث فخربات ہے۔ ریاستی عوام کی جانب سے تہہ دل سے مبارک بادی ملنے پر تشکرکااظہار کر تے ہوئے سونم لوٹس نے انعام کے طورپردی گئی تمام رقم کو ریاست کے تینوں خطوںمیں یکساں سلوک کے ساتھ ضرورتمندوں میں بانٹ دینے کا فیصلہ کیاہے ۔انہوںنے کہا کہ بھارت سرکار نے میری حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مجھے انعامات سے نوازا ہے جس سے میں بہت خوش ہوں اور میرے ضمیر میں اس بات کا احساس ہمیشہ سے ہی رہتا ہے کہ میں تمام دنیا کی حفاظت کیلئے اپنے خدمات سرانجام دے دوںاورہروقت اپنی عوام کی خدمات کو سرانجام دینے کیلئے کاموں پرمعمورہوتا رہوں گا۔انہوںنے کہامیں انعامی رقومات کو ریاستی عوام کی فلاح وبہبودی کیلئے وقف کرنے کا خواہشمند ہوں کیونکہ پورا سماج ریاست کا ایک حصہ ہے جومیرے کام کاج کے برابرشریک اورحصہ دار ہیں۔ انہوں نے انعامی رقومات کو 5برابر حصوں میں تقسیم کیا اورکہا ہے کہ ایک حصہ انہوں نے جموں وکشمیر میں کینسر جیسی مہلک بیماری سے متاثرین بیماروں میں دس ۔دس ہزار ر وپے کے طورپر جبکہ جموںمیں اونکارسنگھ میموریل ٹرسٹ کے علاوہ تاشی تھنالاس اورتاشی اگچوک میڈیکل سوسائٹی لداخ کیلئے جبکہ انعام کا ایک حصہ اپنے نام بھی وقف کرنے کافیصلہ کیاہے۔