سوشل میڈیا پر ہتھیار لئے تصاویر جاری کرنے والے کپوارہ کے تین نوجوان گرفتار: پولیس

سرینگر//پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ شمالی ضلع کپوارہ کے اُن تینوں نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن کی گذشتہ رات بندوقیں لیکر تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔
پولیس کے مطابق مذکورہ تینوں کو لولاب کپوارہ کے سوگام علاقے میں گجرپتی گن بگ نامی گاﺅں میں دھر لیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس نے ایس ایس پی کپوارہ شری رام امبارکر کے حوالے سے لکھا کہ تینوں کو مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس اور 28آر آر سے وابستہ اہلکاروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا تلاشی آپریشن کے دوران مختصر گولیوں کا تبادلہ بھی ہوا لیکن اس کے باوجود شال گنڈ لولاب کے رہنے والے ان تینوں افراد کو زندہ پکڑ کر اُن کے ہتھیار ضبط کرلئے گئے۔
اس سے قبل بدھ کی رات کے دوران سوشل میڈیا پر ہتھیار لئے تینوں کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں۔