راجوری //ضلع انتظامیہ راجوری نے ایک ماہ کی مدت میں ریکارڈ 42ہزار بیت الخلائوں کی تعمیر عمل میںلائی ہے ۔انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر اے ایس چب ، اے سی ڈی نور عالم ، محکمہ سماجی بہبود کے ضلع افسر عبدالخبیر ، ڈی پی او زیڈ اے کیفی ، بلاک ڈیولپمنٹ افسران ، وی ایل ڈبلیوز اور جی آر ایس و دیگر ملازمین بھی موجو دتھے ۔انہوںنے بتایاکہ خصوصی مہم کے تحت 16مارچ سے لیکر 16اپریل تک ضلع میں 41ہزار931بیت الخلاء تعمیر کئے گئے ہیں اور اوسطاًایک ملازم کی نگرانی میں 35بیت الخلائوں کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ ضلع میں 88ہزار982کنبوں کو بیت الخلاء کی سہولت فراہم کی گئی ہے اوران میںسے 73ہزار202کنبوں کیلئے بیت الخلائوں کی تعمیر پچھلے 9مہینوں میں ہوئی ہے جبکہ پچھلے چار برسوں میں 15ہزار780بیت الخلاء تعمیر ہوئے ۔ترجمان کے مطابق ضلع میں 1لاکھ 8ہزار901کنبوںکا اس سکیم کے تحت احاطہ کیاجاناہے ۔ترجمان کے مطابق اس دوران سرحدی علاقوں پر خصوصی توجہ دی گئی اور ان میں 15ہزار سے زائد بیت الخلاء تعمیر ہوئے ۔ انہوںنے بتایاکہ میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیاکہ اس مہم کو عوامی مہم بنایاجائے اور اس سے بھی زیادہ اہم یہ ہے کہ پانی کی سہولیا ت فراہم کی جائیں ۔ انہوںنے بتایاکہ ضلع میں 14ہزار کی آبادی کو پانی کی سپلائی فراہم کرنے کیلئے مختلف مقامات پر 150ہینڈ پمپ نصب کرنے کا منصوبہ مرتب کیاگیاہے ۔