یو این آئی
سنچورین// وکٹ کیپر بلے باز کے ایل راہل کی 101 رن کی سنچری کی بدولت ہندوستان جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے دوسرے دن 245 رن کا باعزت اسکور بنانے میں کامیاب رہا۔ہندوستان نے گزشتہ روز کے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 208 رن سے آگے کھیل شروع کیا۔ کوئٹزی نے صبح کے سیشن میں محمد سراج کو پانچ رن پر ویرین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرکے پویلین بھیج کر ہندوستان کو نواں جھٹکا دیا۔ اس کے بعد راہل نے کوئٹزی پر چھکا لگا کر اپنی آٹھویں ٹیسٹ سنچری مکمل کی۔68ویں اوور میں برگر نے کے ایل راہل کو 101 رن پر بولڈ کرکے ہندوستان کی پہلی اننگز 245 رن پر ختم کر دی۔اس سے قبل گزشتہ روز سپر اسپورٹ پارک میں جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باوما نے ٹاس جیت کر گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرنے آئی ہندوستانی ٹیم کا آغاز انتہائی خراب رہا اور کگیسو ربادا کی تباہی نے ہندوستانی بلے بازوں کو دن کا کھیل ختم ہونے تک آرام نہیں کرنے دیا۔ ہندستان کو پہلا جھٹکا کپتان روہت شرما کے پانچویں اوور میں پانچ رن بناکر آوٹ ہونے کی صورت میں لگا۔ ا10ویں اوور میں یشسوی جیسوال 17 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ وہ ناندرے برگر کی گیند پر کائل ویرئین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ یہ اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں برگر کی پہلی وکٹ تھی۔ شبھمن گل آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز تھے۔ انہوں نے 12 گیندوں پر دو رن بنائے۔ لنچ کے بعد ہندوستان کو چوتھا جھٹکا لگا۔ کاگیسو ربادا نے 27ویں اوور کی آخری گیند پر شریاس ایر کو 31 رن پر بولڈ کیا۔ ان کے بعد روی چندرن اشون آٹھ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ وہ ربادا کے ہاتھوں ایڈن مارکرم کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ ربادا نے 24 رن پر شاردول ٹھاکر کو آؤٹ کر کے ہندستان کو ساتواں جھٹکا دیا ہے۔ 55ویں اوور میں جسپریت بمراہ ایک رن بنا کر مارکو کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے اور ہندوستان کی آٹھویں وکٹ گر گئی۔ آج سراج نویں وکٹ کے طور پر پانچ رن بناکر آؤٹ ہوئے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ناندرے برگر نے تین اور مارکو جانسن نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔