گاندربل //سنٹرل یونیورسٹی کشمیر کے شعبہ اردو کے زیراہتمام مقابلہ حسن ِ نعت کا انعقادکیا گیا۔اس موقع پر سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر،رجسٹرار پروفیسر فیاض احمد نِکا، ڈائریکٹر سائنس اینڈ آرٹس کیمپس پروفیسر محمد افضل زرگر مہمان ذی وقار کے طور پر محفل میں موجود تھے جبکہ پروفیسر ناصر مرزا،ڈاکٹر جوہر قدوسی اور غلام حسن غمگین نے جج کے فرائض انجام دیئے۔سابق وزیر جنگلات میاں الطاف احمد نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے محفل میں شرکت کی۔اس پر وقار محفل میں یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کے علاوہ شعبہ اردو اور انگریزی کے ریسرچ اسکالروں اور مختلف کالجوں سے مدعو کئے گئے نعت خوانوں نے مقابلے میں حصہ لیا۔ نعتیہ مقابلے میں پہلی پوزیشن شعبہ زالوجی کی طالبہ شگفتہ پروین،دوسری پوزیشن شعبہ بائیو ٹیکنالوی کی طاہرہ نذیراور تیسری پوزیشن شعبہ اکنامکس کے لطیف حسین نے حاصل کی۔انہیں نقدانعامات کے علاوہ اسناد سے نوازا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر نے اس موقعہ پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے مہینے میں ایسی نشست کا انعقاد کرنا قابل تعریف ہے ۔مہمان خصوصی میاں الطاف احمد نے کہا کہ اسلام کی راہ پر چلنے سے انسان ہر طرح کی برائیوں سے دور رہنے کے ساتھ ساتھ دنیاوی اور آخرت کی زندگی سنوار جاتی ہے۔رجسٹرار پروفیسر فیاض احمد نِکا اور ڈائریکٹر سائنس اینڈ آرٹس کیمپس پروفیسر محمد افضل زرگرنے بھی اپنے خیالات کا اظہارکیا۔محفل کے آخر پر ڈاکٹر نصرت جبین نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔محفل میں پروفیسر جوہر قدوسی کی ’’جہان حمدو نعت‘‘ کی رسم رونمائی بھی انجام دی گئی۔