جموں//سنٹرل یونیورسٹی جموں کے کنٹین میں جنک فوڈ فراہم کیا جا رہا ہے،جو کہ سرا سر یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی ہے۔نیشنل سیکولر فورم کے ریاستی صدر ڈاکٹر وکاس شرما نے ان باتوں کا اظہار یہاں جمعرات کے روز منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ یونیورسٹی احاطہ میں جنک فوڈ مہیا کرنے سے طلاب کے صحت پر کافی غلط اثر پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کنٹین میں مہیا کئے جا رہے جنک فوڈ پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی نگرانی میں چلائے جا رہے کنٹین میں کولڈ ڈرنک، مموز، ہاٹ ڈاگس ، پیٹیز وغیرہ ممنوع ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ کنٹین میں یونیورسٹی حکام کے ساتھ سانٹھ گانٹھ کرکے ایسا ہو رہا ہے۔ پریس کانفرنس سے انہوںنے کہا کہ یو جی سی کے مورخہ 16نومبر 2016 کے کیمونکیشن کے تحت ملک بھر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں بشمول یونیورسٹی احاطہ میں جنک فوڈ فراہم کرنے کی اجازت نہیں ہے۔کیمونکیشن میں مزیدکہا گیا ہے کہ طلاب کو جنک فوڈ کے مضر اثرات سے باخبر بھی کیا جائے۔ڈاکٹر وکاس نے وزارت فروغ انسانی وسائل ،بھارت سرکار سے اس کا سنگین نوٹس لینے کی اپیل کی ہے اور کیمپس کے احاطہ میں جنک فوڈ کی فروخت روکنے کے لئے موثر اقدام کرنے کی اپیل کی ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران پشپندر سنگھ ، اشتیاق نائیک ،وینو پرتاپ اور ساحل شرما بھی موجود تھے۔