نئی دہلی//سنندا پشکر موت معاملے میں ان کے شوہر ششی تھرور کو عدالت نے ملزم تسلیم کیا ہے۔ پٹیالہ ہاوس کورٹ نے دہلی پولیس کے چارج شیٹ پر نوٹس لیا۔ ششی تھرور کو 498 اے کے تحت بھی سزا ہوسکتی ہے۔ اس معاملے کی آئندہ سماعت 7 جولائی کو ہونی ہے۔اس دوران کورٹ نے دہلی پولیس سے پوچھا کہ کیا آپ سبرامنیم سوامی کی درخواست پر جواب دائر کرنا چاہتے ہیں؟ دہلی پولیس کے وکیل نے کہا کہ یہ ابھی جلد بازی ہے۔ سیشن کورٹ میں اس پر سماعت ہوسکتی ہے۔ وہیں سبرامنیم سوامی نے کہا کہ کرائم ہوا تھا اور اس وقت ثبوت مٹائے گئے۔انہوں نے کہا کہ ایک سال بعد ایف آئی آر درج کی گئی۔ سوامی نے دہلی پولیس پر صحیح طریقے سے جانچ نہ کرنے کا الزام لگایا۔ کورٹ نے کہا کہ سوامی کی درخواست پر ہم الگ سے غور کریں گے۔واضح رہے کہ پولیس کی چارج شیٹ کے مطابق سنندا پشکر نے اپنے شوہر کو بھیجے ای میل میں لکھا تھا کہ ان کی جینے کی خواہش ختم ہوچکی تھی۔ پولیس نے کورٹ کو بتایا کہ سنندا کے ای میل اور سوشل میڈیا کو ’’موت کا اعلان‘‘ سمجھا جاتا ہے۔سنندا پشکر نے 8 جنوری 2014 کو اپنے شوہر کو ای میل میں لکھا تھا۔ میری جینے کی خواہش نہیں ہے، میں صرف موت کی دعا کررہی ہوں۔ واضح رہے کہ اس ای میل کے 9 دن بعد سنندا دہلی کے ایک ہوٹل میں مردہ ملی تھیں۔ سرکاری وکیل اتل شریواستو اسپیشل پبلک پراسکیوٹر نے کہا کہ سنندا پشکر کی تیسری شادی تھی، جس کو 3 سال 3 ماہ ہوئے تھے۔ جو چارج شیٹ فائل کی گئی ہے وہ ابیٹمنٹ فار سوسائڈ اور کروایلٹی کے تحت ہی دائر کی گئی ہے۔چارج شیٹ میں پولیس نے اس شعر کا بھی ذکر کی ہے جسے خود سنندا پشکر نے موت سے دو دن پہلے لکھا تھا۔