ہیولوا//عالمی چیمپئن بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو جمعرات کے روز راونڈ آف 16 میں جیت کے ساتھ اسپین کے ہیولوا میں جاری بی ڈبلیو ایف ورلڈ بیڈمنٹن چمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔ دریں اثنا، اشونی پونپا اور این سکی ریڈی کی ہندوستانی خواتین کی ڈبلز جوڑی ہار کے ساتھ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔ دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی سندھو نے خواتین کے سنگلز راؤنڈ آف 16 میں دسویں سیڈ تھائی لینڈ کی پورنپاوی چوچوونگ کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں قدم رکھا۔ اپنی شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے محض 48 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں لگاتار گیمز میں پورنپاوی کو 21-14، 21-18 سے شکست دی۔ سندھو کا اگلا مقابلہ نمبر ایک سیڈ چینی تائی پے کی تائی زو ینگ سے ہوگا جن کے خلاف سندھو کا کیریئر ریکارڈ 5-14 ہے ۔ دوسری طرف، اشونی پونپا اور این سکی ریڈی کی ساتویں سیڈ ہندوستانی جوڑی کو خواتین کے ڈبلز راؤنڈ آف 16 میں تھائی لینڈ کی جونگکولفن کٹیتھاراکول اور رویندا پرجونگجے کے خلاف جدوجہد کرنا پڑی۔ جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے تھائی جوڑی نے پوپنا اور سککی کو 38 منٹ میں 21-13، 21-15 سے شکست دی۔ ہندوستان کے لکشیا سین، کدامبی سری کانت، ایچ ایس پرنے اور ساتوک سائیراج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی ہندوستانی مرد ڈبلز جوڑی آج کے دیگر مختلف زمرے کے راونڈ آف 16 کے مقابلے میں چیلنج پیش کریں گے ۔ یواین آئی