مینڈھر //مینڈھر کے سرحدی علاقہ سندوٹ میں ابھی تک غریب رہائشی بنکروں جیسی سہولیات سے محروم ہیں جبکہ اس وقت علاقہ میں دوسری قسط کے تحت بنکروں کی تعمیر کیلئے نئی فہرستیں مرتب کی جارہی ہیں تاہم مکینوں نے متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی اثر ورسوخ رکھنے والوں کو ہی فہرستوں میں شامل کیا جارہا ہے جبکہ غریب مستحقین کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے پہلی قسط کے تحت بنائے جارہے بنکربھی غیر قانونی طورپر منتقل کئے گئے تھے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اب حکام کی جانب سے ایک مرتبہ پھر سے فہرستیں مرتب کی جارہی ہیں تاہم اس دوران بھی غریبوں کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سیاسی پشت پناہی والے افراد کو فہرستو ں میں شامل کیا گیا ہے ۔مکینوںنے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ فہرستیں مرتب کرنے کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ غریبوں کو بھی ان فہرستو ں میں شامل کیا جائے تاکہ ان کو بھی سہولیات میسر ہوسکیں ۔