راجوری //سندر بنی کے قریب رواریہ تلا علاقہ میں فورسز کیمپ کے قریب ہوئے مسلح تصادم میں 4جنگجو جاں بحق ہو گئے ، باور کیا جاتا ہے کہ یہ چاروں غیر ملکی فدائین تھے ۔ تصادم بدھ کی صبح:30 7بجے اس وقت شروع ہوا جب سندر بنی قصبہ سے قریب 500میٹر دوری پر ندی کے کنارے فورسز نے جنگجوئوں کو گھیرے میں لے لیا، جائے تصادم سے چند گز کے فاصلہ پر بی ایس ایف کا کیمپ واقع ہے ۔ جیسا کہ کل بھی خبردی جا چکی ہے ، سندر بنی علاقہ میں دراندازی کی اطلاعات کے بعد پچھلے چار روز سے تلاشی مہم چلائی جا رہی تھی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ’گزشتہ شب فورسز کو رواریہ تلا علاقہ میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں جس کے بعد پورے علاقہ کو گھیرے میں لے کر تلاشی مہم چلائی گئی۔بدھ کی صبح فوج، پولیس اور بی ایس ایف کی مشترکہ پارٹی پر ملی ٹینٹوں نے فائرنگ شروع کر دی جس کا موثر جواب دیا گیا اور اس کے بعد انکائونٹر شروع ہوگیا جو قریب 9گھنٹے تک چلنے کے بعد شام 5بجے اختتام کو پہنچا اور اس دوران تمام 4جنگجوجاں بحق ہو گئے ‘۔ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے انکائونٹر ختم ہونے کے بعد ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ’مہلوک ملی ٹینٹوں کی نعشیں برآمد ہو گئی ہیں اورجائے تصادم سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا جس میں 4اے کے رائفلیں، میگزین اور دیگر ساز وسامان شامل ہے ‘۔اس اوپریشن کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فورسز کا کوئی بھی اہلکار زخمی نہیں ہوا ہے ۔ تصادم شروع ہونے سے قبل تلاشی مہم کے دوران فورسز کو تین بیگ ملے جن میں یو بی جی ایل گرنیڈ ، آئی ای ڈی اور کچھ اشیائے خوردنی تھیں۔ معتبر ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگر چہ مہلوک جنگجوئوں کی سر دست شناخت نہیں ہو سکی ہے تاہم تما م ملی ٹینٹ غیر ملکی تھے اور وہ حال ہی میں دراندازی کر کے علاقہ میں داخل ہوئے تھے۔ ان کی نعشوں کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور ابھی تک ان کی آخری رسومات کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔
کپوارہ کے جنگلات میں وسیع آپریشن کا تیسرا روز
اشرف چراغ
کپوارہ//سرحدی ضلع کپوارہ میں گزشتہ ہفتہ ہلمت پورہ علاقہ کے فتح خان چک جنگلات میں فوج اور جنگجوئو ں کے درمیان جھڑپ کے بعد ضلع کے دیگر علاقوں کے جنگلات کا محاصرہ جاری ہے اور جنگجوئو ں کے چھپے ہونے کے خدشہ کے پیش نظر تلاشی کارروائی گزشتہ3روز سے جاری ہے ۔ فوج کو شبہ ہے کہ آورہ سے ہلمت پورہ سے لیکر کاچہامہ تک کے جنگلو ں میں جنگجو چھپے بیٹھے ہیں اور اس سلسلہ میں فوج کے علاوہ سپیشل آ پریشن گروپ نے ہلمت پورہ ،وائن ،گلگام ،آ ورہ ،زرہامہ ،گزریال ،وارسن اور کاچہامہ کے علاوہ رامحال اور ہندوارہ کے جنگلو ں کا محاصرہ کر کے تلاشی کارروائی شروع کی ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کئی جنگلی علاقوں میں فوج نے فائرنگ بھی کی تاہم فوج کی فائرنگ کا کوئی جواب نہیں آ یا اور نا ہی گزشتہ دو روز کے دوران فوج اور جنگجوئو ں کے درمیان کسی بھی مقامات پر آ منا سامنا نہیں ہوا ۔