سرنکوٹ//سرنکوٹ کے گاؤں سنئی مڈل پنچایت میں محکمہ پی ڈی ڈی کی جانب سے گزشتہ 3ماہ سے ٹرانسفار مر نصب نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے صارفین کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے چلائی جارہی سوبھاگیااسکیم کے تحت تین ماہ قبل ٹرانسفارمر پنچایت میں لایا گیا تھا لیکن متعلقہ محکمہ کے ملازمین کی غفلت شعاری کی وجہ سے ابھی تک ٹرانسفارمر نصب ہی نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کئی اسکیمیں شروع کی گئی ہیں لیکن متعلقہ محکموں کی جانب سے عوام کو ان کا فائدہ نہیں پہنچایا جارہاہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مڈل سنئی پنچایت میں جلداز جلد ٹرانسفارمر نصب کیا جائے تاکہ صارفین کو درپیش مسائل حل ہوسکیں ۔یہا ں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سرنکوٹ کے متعدد دیہی علا قوں میں بجلی نظام کی خستہ حالی کی وجہ سے صارفین کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سرنکوٹ میں بجلی کے خراب نظام کو بہتر بنانے کیلئے محکمہ پی ڈی ڈی کے اعلیٰ آفیسران کو ہدایت جاری کی جائیں ۔