گول//داارالعلوم اسراریہ آنچی مانچی سمڑ ضلع رام بن میں چار بچوں کی حفظ قرآن کی سعادت حاصل کرنے پر دستار بندی کا اہتمام ہوا جہاں پر فرزندان توحید نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ اس موقعہ پر خطہ چناب کے معروف عالم دین مولانا نذیر احمد القاسمی صدر تحفظ سنت ضلع رام بن ، مفتی عبداللہ ، مفتی بشیر احمد القاسمی ، مفتی اعجاز احمد ، مفتی جاوید احمد کے علاوہ دوسرے علما ء کرام و معزز شہریوں نے بھی اس با برکت جلسہ دستار بندی میں حصہ لیا ۔ اس موقعہ پر علماء کرام نے خطاب میں کہا کہ طاغوتی قوتیں اس وقت مسلمانوں اور قرآن کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑے ہیں لیکن اللہ تعالی نے خود اس قرآن کی حفاظت کی ذمہ داری لی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک انسان کے لئے قرآن نجات کا ذریعہ ہے اور قرآن ہی واحد راستہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت جہاں ایک طرف سے طاغوتی قوتیں قرآن کو مٹانے اور اس سے آیتوں کو حذف کرنے کی باتیں کرتے ہیں لیکن وہ حفاظ کرام کے دلوں سے کس طرح سے اس قرآن کو نکالیں گے ۔ دنیا بھر میں لاکھوں کر وڑوں حفاظ کرام موجود ہیں اور ہر روز لاکھوں عاشق قرآن حفظ کی سعادت حاصل کرتے ہیں اور یہ طاغوتیں قوتیں مسمار ہو جائیں گیں ان کے لئے نہ دنیا میں جگہ ہو گی نہ آخرت میں اس کے لئے کوئی مقام ہو گا ۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کو قرآن کی تعلیم سے منور کرائیں اور قرآن میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی مضمر ہے ۔