سمبل میں ہڑتال، مارے گئے جنگجوبارہمولہ میں سپردخاک

بارہمولہ+بانڈی پورہ //سمبل بانڈی پورہ میں گزشتہ روز فدائین حملے میں مارے گئے چار جنگجوئوں کو بارہمولہ کے مضافاتی گائوں گانٹہ مولہ میں سپردخاک کیا گیا ۔اس دوران سمبل حاجن میں منگل کو ہڑتال رہی۔سوموار کو مارے گئے چار غیر ملکی جنگجو ئوں کو سرینگر مظفرآباد شاہراہ پر گانٹہ مولہ میں پولیس نے رات دیر گئے سپردخاک کیا  جہاں پہلے سے تین درجن سے زیادہ غیر ملکی جنگجو دفن ہیں جو مختلف علاقوں میں جھڑپوں کے دوران جاں بحق ہوئے ہیں ۔ چاروں لاشوں کو شام دیر گئے بارہمولہ پہنچایا گیا اور رات کی تاریکی میں پولیس نے چندمقامی لوگوں کی مدد سے اُنہیں سپرد خاک کیا۔ یاد رہے دو سال قبل پولیس نے اس جگہ، جوکہ فوجی کیمپ کے عقب میں ہے، کو منتخب کیا تھا اور تب سے یہاں غیر ملکی جنگجوئوں کو دفن کیا جارہا ہے۔ادھرسمبل میں جنگجوئوں کی یاد میں دوسر ے روز بھی ہڑتا ل رہی۔ ہڑتا ل کے دوران قصبہ میں اس وقت افراتفری اور سنسنی کاماحول قائم ہوا جب قصبہ میں یہ افواہ پھیل گئی کہ جھڑ پ میں مارے گئے جنگجو کنگن کے باشند ے ہیں۔اس دوران ڈی جی پولیس اور ڈی جی سی آ رپی ایف نے سمبل کا دورہ کرکے آ پریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں اور آ فیسروں کی حوصلہ افزا ئی کی۔افواہ پھیلتے ہی نو جوانوں کی ایک بڑی تعداد سڑ کوں پر جمع ہونا شروع ہوئی اور وہ احتجاج کی تیار ی کرنے لگے تاہم بعد میں معمول کے حا لات بحال ہو گئے۔