سرینگر//پولیس نے شہر سرینگر خاص کر شہر خاص کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے زور دار مہم شروع کی ہے جس کے چلتے پولیس نے شہر خاص میں چار افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں منشیات ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ پولیس نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ سرینگر میں چار منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے چرس برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔پولیس بیان کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد نوہٹہ پولیس نے عبدالاحد شیخ ، محمد رفیق شیخ ، محمد یوسف شیخ اور مسما تہ فہمیدہ ساکنانِ تجگری محلہ نوہٹہ نامی چار منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے 350گرام چرس برآمد کرکے تحویل میں لیا گیا ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 32/2019 کے تحت نوہٹہ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔یاد رہے کہ گذشتہ روز شہر خاص کے نوہٹہ علاقے میں گورنمنٹ گرلز اور گورنمنٹ بائز سکول کے طلبہ سکول انتظامیہ اور شہر خاص کے اہم شخصیات نے منشیات مخالف ریلی نکالی تھی اور اس میں انہوںنے لوگوں کو منشیات سے دور رہنے کی صلاح دی تھی جبکہ پولیس سے بھی اپیل کی گئی تھی کہ منشیات کا قلع قمع کرنے کیلئے مہم میں تیزی لائی جائے ۔