سرینگر//عالمی یوم انسداد منشات کے حوالے سے شہر سرینگر میں کئی مقامات پرریلیاں نکالی گئیں جن میں سکولی بچوں اور سرکاری اداروں کے اہلکاروں نے حصہ لیکر لوگوں کو منشیات کے مضر اثرات سے متعلق جانکاری فراہم کی ۔ ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اَتھارٹی سری نگر نے کل ایس پی ہائیرسکینڈری سکول میں محکمہ تعلیم کے اشتراک سے نشیلی ادویات اور ان کی غیر قانونی ٹریفکنگ کے خلاف بین الاقوامی دن کی تقریب منعقد کی۔ممبر سیکرٹری لیگل سروسز اَتھارٹی محمد اکرم چودھری جو اس موقعہ پر مہمان ذِی وقار کی حیثیت سے موجود تھے، نے سماج کو اس بدعت سے پاک کرانے میں دینی تعلیمات اور سماجی ارکان کے رول کو اُجاگر کیا۔سیکرٹری ڈی ایس ایل اے عدنان سعید نے وہاں موجود لوگوں کو نشیلی ادویات کے منفی اثرات سے آگاہ کیا۔اس موقعہ پر طلباء میں اسناد اور مومنٹوز تقسیم کئے گئے۔ شہر خاص میںگورنمنٹ بائز اینڈ گرلز سکول نوہٹہ کے بچوں نے منشیات مخالف ریلی میں لوگوں کو منشیات سے دور رہنے اور سماج کو اس بدعت سے پاک کرنے کی اپیل کی ۔ طلبہ اور سکول منتظمین نے نوہٹہ چوک سے نوہٹہ پولیس سٹیشن تک ریلی نکالی جس دوران انہوںنے آس پاس کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں ، پڑوسیوں اور رشتہ داروں کو نشے کی لت سے دور رکھنے کیلئے اقدامات اُٹھائیں اور سماج کو اس بدعت سے نجات دلانے میں اپنا رول نبھائیں۔ادھر کاروانِ اسلامی کی یوتھ ونگ کشمیر یوتھ فائونڈیشن کی جانب سے کئی تقاریب کا انعقاد کیا گیااور صدر دفتر شہیدگنج سے ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی جس میں شامل نوجوانوں نے عہد کیا کہ تحریک کا ہر فرد اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریگااور ایک ایسے معاشرے کی داغ بیل ڈال کر اس معاشرے کو تعمیر کرے گا جو منشیات ، شراب اور اس جیسی دیگر بیماریوں سے صاف و پاک ہو۔ ادھرڈیپارٹمنٹ آف ایکسائز نے ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر کے اشتراک سے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ میں منشیات کی بدعت کے عالمی دن کے سلسلے میں ای سیمینار اورمصوری کا مقابلہ منعقد کیا۔ڈپٹی ایکسائز کمشنر کشمیر اُلفت جبیں ،پرنسپل گورنمنٹ گرلزہائر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ رومانہ قاضی،محکمہ ایکسائز اورسکولی تعلیم کے آفیسران کے علاوہ ڈرگ ڈی ایڈیکشن سینٹر کے نمائندے اس موقعہ پر موجود تھے۔طالبات نے منشیات کی بدعت پر ایک مختصر سکٹ پیش کیا۔اُلفت جبیں نے کہا کہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ اس بدعت کو دور کرنے کیلئے انتھک کوششیں کررہا ہے۔انہوںنے کہا کہ محکمہ نے وادی کشمیر کے چار ہزار کنالوں پر اُگائی گئی نرکاٹک فصل کو تباہ کیا۔رومانہ قاضی نے اپنے خطاب میں اس بدعت کو دور کرنے میں طلبأ کے رول کی ستائش کی اورایکسائز محکمہ کی طرف سے بیداری مہم چلانے پر بھی خوشی اظہار کیا۔بعدمیں سیمینار میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبأ وطالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ادھرجے اینڈ کے سٹیٹ ایڈس کنٹرول سوسائٹی نے شعبہ امراض نفسیات کی طرف سے گورئمنٹ میڈیکل کالج میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس دوران ماہرین نے منشیات سے پاک سماج پر زور دیا ۔