جموں //نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر جموں دیوندر سنگھ رانا نے کورونا وائرس کو اکیسویں صدی کا سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ لوگ اس سے لڑنے کیلئے سماجی دوریان بنائیں مگر سماجی ذمہ داریاں نہ چھوڑیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ یہ وقت ہے کہ جب انتظامیہ کورونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے فوری اقدامات کرے جبکہ سماج کے مختلف طبقے ایک دوسرے کی مدد کو سامنے آئیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر متحد ہوکے کام کرنے کی ضرورت ہے اور اپنے مشترکہ دشمن کورونا کو شکست دینا سب سے بڑا کام ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے وقت میں ایک دوسرے کو الزام نہیں دیناچاہئے اورسب کو مل کر کام کرناہوگا۔انہوں نے کہاکہ اس وقت مخیر حضرات غریبوں اور ضروتمندوں کی مدد کریں اور ہمیں سماجی دوریاں بنائے رکھنی ہیں لیکن سماجی ذمہ داری نہیں چھوڑنی۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کیڈر نے پورے صوبہ میں لوگوں کی مدد کیلئے خود کو پیش پیش رکھاہے اور سماج کو اس بات کو یقینی بناناہوگاکہ کوئی بھی شخص بھوکا نہ رہے۔انہوں نے کہاکہ انسانی خدمت سب سے بڑھ کر ہے اور یہ وقت انتہائی کٹھن ہے لیکن اس میں ایک دوسرے کی مدد کرکے کورونا کو شکست دی جاسکتی ہے۔