سرینگر //منصوبہ بندی ، ترقی اور نگرانی محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل نے یہاں ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران ریاست میں جاری مختلف پروگراموں اور سکیموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا۔ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ڈپٹی کمشنروں نے سکیموں کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے بہتر منصوبہ سازی کے لئے اپنی تجاویز دیں۔میٹنگ میں سماجی بہبود محکمہ اور آئی سی ڈی ایس کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔میٹنگ میں جن پروگراموں اور پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اُن میں بیک ٹو ولیج، نیشنل سوشل اسسٹنٹس پروگرام، انٹی گریٹیڈ سوشل سیکورٹی سکیم اور بارڈر ایریا ڈیولپمنٹ پلان شامل ہیں۔ بیک ٹو ولیج پروگرام کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے روہت کنسل نے کہا کہ اس سلسلے میں سرکاری افسروں اور اہلکاروں نے محنت و لگن سے کام کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنروں سے تلقین کی کہ وہ صحیح ڈاٹا اپ لوڈ کرنے کو یقینی بنائیں۔سماجی سیکورٹی سکیموں کے بارے میں روہت کنسل نے کہا کہ آدھار سیڈنگ کے ذریعے موجودہ پنشنروں کی جانچ کرنا وقت کا تقاضا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر مستحق افراد کو اس فہرست سے باہر کیا جانا چاہئے تا کہ مستحق افراد سکیم سے استفادہ کرسکیں۔پنچائتوں کی غیر مرکوزیت کے بارے میں پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ غذا کی تمام اشیاء حاصل کر کے تقسیم کی گئی ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام پنچائتوں کے بنک کھاتوں کو کھولنے کو یقینی بنائیں تا کہ رقومات کو بغیر کسی رکاوٹ کے منتقل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بنک کھاتے کے ذریعے آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کا مشاہراہ ادا کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو یہ ہدایات بھی دیں کہ وہ ورکروں اور ہیلپروں کے کھاتوں کو پنچائت کے کھاتوں کے ساتھ جوڑیں تا کہ ان کی تنخواہیں وقت پر ادا کی جاسکیں۔بارڈر ایریا ڈیولپمنٹ پلان کے تعلق سے روہت کنسل نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ رقومات کا صحیح اور منصفانہ استعمال کریں۔