مینڈھر //مینڈھر کے سلواہ علاقہ میں تعمیر ہورہی سلواہ چوکی تا مشری والا 2کلو میٹر سڑک سے عام لوگ نا خوش دیکھائی دے رہے ہیں جبکہ مکینوں نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی اور متعلقہ ٹھیکیدار پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پہلے سے تعمیر شدہ ایک سڑک کی دوبارہ سے کٹائی کر کے پیسے ہڑپنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ 54.43لاکھ روپے کی لاگت سے سڑک کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا تھا جبکہ محکمہ کی کچھ سو میٹر کی سڑک تعمیر کرنے کے بعد سروئے کو چھوڑ کر کئی برس قبل ایم ایل اے فنڈز کے ذریعہ تعمیر ہونے والی ایک سڑک کی ہی دوبارہ سے کٹائی کا عمل شروع کر دیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے مذکورہ قدم کی وجہ سے آبادی والے علاقہ کو یکسر نظر اندز کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جبکہ ٹھیکیدار محکمہ کیساتھ مل کر فنڈز میں خرد بُرد کرنے کی کوششیں کررہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی تعمیر کا جائزہ لے کر قاعدہ کیخلاف ہونے والے کام کا سنجیدہ نوٹس لیا جائے ۔