ٹھاٹھری// تحصیل کاہرہ کے باتھری علاقہ کے سلطان پورہ گائوں کے لوگوں نے گائوں میں بجلی کے خستہ حال اور پر خطر نظام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ کے حکام کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اُن کے گائوں میں کوئی بھی نا خوشگوار حادثہ پیش آیا اور کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان ہوا تو اُس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ پر ہو گی۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گائوں میں بجلی کی ترسیلی لائنیں لکڑی کے پرانے اور بوسیدہ پولوں،درختوں اور مکانات کی چھتوں کے ساتھ باندھی گئی ہیں اور بجلی تاریں اتنی کمزور ہو چکی ہیں کہ ہوا کے ایک جھونکے سے گر جاتی ہیںاور ہر وقت یہ خطرہ لگا رہتا ہے کہ نہ جانے کب کوئی بڑا حادثہ پیش آ جائے۔جب جب بھی تار گر جاتی ہے یا پول ڈھ جاتا ہے تو لوگوں کو خود ٹھیک کرنا پڑتا ہے کیوں کہ محکمہ کا کوئی اہلکار ڈیوٹی پر آنے کی زحمت ہی نہیں اُٹھاتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے متعدد بار محکمہ کے حکام سے زبانی اور تحریری طور یہ اپیل کی کہ گائوں کے بوسدیدہ پولوں اور ٹوٹی پھوٹی تاروںکو ہٹا کر یہاں لوہے کے پول اور نئی تاریں لگائی جائیں مگر کسی نے بھی اس طرف توجہ دینے کی ضرورت محسوس نہیں کی۔اُنہوںنے کہا کہ اگر گائوں میں نصب سڑے ہوئے پولوں اور ٹوٹی پھوٹی تاروں کو فوری طور ہٹایا نہ گیا اور درختوں اور مکانات کی چھتوں سے بدنھی ہوئی تاروں کے لئے پول نصب نہ کئے گئے تو وہ ٹھاٹھری کلہوتران سڑک پر احتجاج کریں گے اور گاڑیوں کی آمدورفت کو بند کریں گے ۔نیز اگر گائوں میں اگر بجلی کی وجہ سے کوئی نقصان ہوا تو اُس کا ذمہ دار محکمہ ہو گا۔