راجوری //کئی بنیادی سہولیات کے فقدان کے چلتے راجوری کے لوگوں نے سلانی بس اسٹاپ کو ایک ایسا ماڈیولر بنانے کا مطالبہ کیا ہے جس میں تمام قسم کی بنیادی سہولیات خاص طور پر مسافروں کے بیٹھنے اور پینے کاپانی ودیگر سہولیات میسر ہوں سلانی پل پر واقع بس اسٹاپ ضلع کے سب سے مصروف ترین عوامی مقامات میں سے ایک ہے کیونکہ یہ قومی شاہراہ پر واقع ہے اور یہ راجوری شہر کا مرکزی داخلی راستہ بھی ہے۔اس بس سٹاپ پر روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افراد مسافر گاڑیوں آتے اور جاتے ہیں لیکن بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث ان لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔انسیما شرما نامی ایک طالبہ نے کہاکہ اس طرح کے مصروف بس اسٹاپ کو تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ ہونا چاہیے لیکن یہاں پر سہولیات میسر نہیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ مقام پر مسافروں کو بارش کے دوران کئی طرح کے مسائل کا سامنا رہتا ہے ۔مذکورہ مقام پر دو کم صلاحیت کے پیسنجر شیڈ تعمیر ہیں لیکن وہ بھی مسافروں کی پریشانی کم نہیں کر پارہے ہیں ۔افضل نامی ایک دکاندار نے بھی ان مشکلات کو بیان کیا اور کہا کہ دوسرے شہروں جیسے جموں، دہلی میں بس اسٹاپ ہر طرح کی بنیادی سہولیات فراہم کرتے ہیں لیکن یہاں راجوری میں بس اسٹاپ محض نام کے ہیں۔اس پہلے اسٹاپ پر روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں لوگ موجود رہتے ہیں لیکن پینے کے پانی کی کوئی سہولت نہیں ہے اور اسٹاپ پر لگائے گیاہینڈ پمپ ناکارہ پڑا ہے ۔کئی دیگر مسافروں نے سلانی بس اسٹاپ کو ماڈیولر میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا جو ہر قسم کی بنیادی اور جدید سہولیات سے آراستہ ہونا چاہیے خاص طور پر مسافروں کے بیٹھنے، پینے کے پانی، روشنی کا انتظام کیا جائے۔
سلانی بس سٹاپ پر بنیادی سہولیات کا فقدان
