بانہال // مقامی رضاکار تنظیم سلام فاونڈیشن مہْو ، بانہال کی طرف سے ہائر سیکنڈری سکول مہو میں ایک روزہ تعلیمی بیداری مہم کا انعقاد کیا گیا جس میں ماہر تعلیم ، ادباء ، شعراء اور سکولی بچوں کے علاوہ لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس پروگرام کی شروعات تلاوت کلام پاک سے کی گئی اور تلاوت کلام پاک کی سعادت مولانا قاری امتیاز احمد نے حاصل کی اور نعت خوانی کا شرف مفتی اشرف علی کو حاصل ر ہا۔ سلام فائونڈیشن کی طرف سے مہوْ کے دور افتادہ علاقے میں منعقد ہوئی اس تقریب کی صدارت منشور بانہالی کی کی جبکہ سابقہ پرنسپل محمد اقبال خان ، سماجی کارکن حاجی غلام محمد بٹ اور پرنسپل ہائر سینکڈری سکول مہوْ سریندر سنگھ موہن مہماں ذی وقار کے طور موجود تھے۔ سب سے پہلے منشوربانہالی نے مرحوم غلام نبی گوہر کی وفات پر ماتمی قرار داد پیش کی جبکہ مولانا قاری امتیاز نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ اس موقع پر اپنی تقاریر میں منشور بانہالی اور محمد اقبال خان نے لوگوں کو تعلیم کی اہمیت اور افادیت کے بارے میں تفصیلی طور آگاہ کیا اور لوگوں کو ہر حال میں دینی اور دنیاوی تعلیم کیلئے بچوں کو راغب کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے سلام فاونڈیشن مہوْ کی طرف سے مہوْ منگت کے دور افتادہ اور تعلیمی لحاظ سے پسماندہ علاقے میں علم و ادب کے میدان میں کی جارہی کوششوں اور علاقے سے سماجی برائیوں کے خاتمے کیلئے کئے جارہے کام کی سراہنا کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر قیصر احمد گیری پروفیسر اسلامک یونیورسٹی اونتی پورہ اور شاعر و ادیب غلام نبی ظاہر بانہالی نے بچوں اور عوام کو اپنے زریں خیالات سے نوازااور تعلیمی سرگرمیوں کو وسیع کرنے پر زور دیا۔ پروگرام کے آخر پر ایک مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ظاہر بانہالی ، محمد یوسف بمبْر، علی محمد شیخ ، محمد یوسف شیخ اور منشور بانہالی نے حصہ لیا اور اپنے تازہ کلام سے وہاں موجود سامعین کو محظوظ کیا۔ اس تقریب پر نضامت کے فرائض سیکریٹری سلام انجمن فیاض احمد نے انجام دیئے۔ اس موقع پر مقامی رضاکاروں اور سلام فاونڈیشن کے ممبران نے مہمانوں کا ستقبال کیا اور پوری تقریب میں پیش پیش رہے۔ پروگرام کے آخر پر ماسٹر ارشاد علی ارشاد نے شکریہ کی تحریک پیش کی اورانہوں نے بانہال اور رام بن سے مہْو پہنچے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایسے پرگرام آ ئیندہ بھی منعقد کرانے کے عزم کا آعادہ کیا۔