سرینگر//پیپلز کانفرنس کے لیڈر سلام الدین بجاڑ نے نیشنل کانفرنس میں باضابطہ طور پر شمولیت اختیار کی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ کی رہائش گاہ پر ایک تقریب پر سلام الدین بجاڑ کا پارٹی میں خیر مقدم کیا گیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ تقریب پر عمر عبداللہ کے علاوہ پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سٹیٹ سکریٹری چودھری محمد رمضان اور جنوبی زون صدر محمد اکبر لون بھی موجود تھے۔ یا درہے کہ سلام الدین بجاڑ نے پی سی کی ٹکٹ پر 2014کے پارلیمانی انتخابات میں بارہمولہ نشست سے الیکشن لڑا تھا۔ بجاڑ دور درشن کیندر سرینگر میں ڈپٹی ڈائریکٹر بھی رہے ہیں اور نوائے قوم کے ایڈیٹر بھی ہیں۔ نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے سلام الدین بجاڑ نے کہا کہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ کی جماعت میں شامل ہونا اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ نے پوری ریاست کے لوگوں کیلئے ناقابل فراموش کام کیا ہے اور اُن کی ہی بدولت مجھے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایل ایل بی کرنے کا شرف حاصل ہوا۔ سلام الدین بجاڑ کا کہنا تھا کہ 1977میں، میں مالی دشواریوں کی وجہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی پڑھائی ادھوری چھوڑنے کیلئے مجبور ہوگیا تھا لیکن خوش قسمتی سے میری ملاقات مرحوم شیخ محمد عبداللہ اور مادر مہربان کیساتھ ہوئی اور انہوں نے مجھے اُس وقت اپنی تعلیم پوری کرنے کیلئے 10ہزار روپے کا ایجوکیشن لون دلوایا اور میں اپنی تعلیم پوری کرپایا۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ نے بعد میںیہ10ہزار روپے کا قرضہ بھی معاف کروایا۔ دریں اثناء پارٹی ہیڈکوارٹر پر بھی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور دیگر لیڈران نے موصوف کا خیر مقدم کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔
سلام الدین بجاڑ نیشنل کانفرنس میں شامل
