لاہور/ سعید اجمل تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے ہیں،اس موقع پر آف اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ آئی سی سی نے بولنگ ایکشن کے حوالے سے دہرا معیار اپنا رکھا ہے۔ ۔ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں اپنی ٹیم فیصل آباد کی لاہور وائٹس کے ہاتھوں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی نہ کسی طور کرکٹ کے ساتھ وابستہ رہنا چاہتا ہوں۔کیڈمی میں نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتیں نکھارنے پر بھرپور توجہ دوں گا، ہر طرز کے فارمیٹ سے باقاعدہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں تاہم غیرملکی لیگز کھیلتا رہوں گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بولنگ ایکشن کے معاملے میں کیریئر متاثر ہوا لیکن اس معاملے میں پی سی بی سے کوئی شکوہ نہیں، مشکوک بولنگ ایکشن کے حوالے سے آئی سی سی نے دہرا معیار اپنا رکھا ہے، میرے خیال میں محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن میں بھی کوئی مسئلہ نہیں ۔میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے پلیئرز نے انہیں الوداع کہا، تمام پلیئرز نے لائنوں میں کھڑے ہو کر بیٹس کی چھاو¿ں سے گزارا، آف اسپنر اس موقع پر جذبات پر قابو نہ رکھ پائے اور آبدیدہ ہو گئے، انہوں نے ہاتھ ہلا کر پلیئرز اور شائقین کی سپورٹ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ سعید اجمل نے قومی ایونٹ کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ موجودہ سیزن میں اپنی خدمات سرانجام دینے کے بعد کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔ آف اسپنر سعید اجمل پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر رہے تھے تاہم تیسرے ایڈیشن کیلئے انہیں اسپن بولنگ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔