ریاض //سعودی ولی عہد، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے کل بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔ سعودی ولی عہد نے دونوں دوست ملکوں کے منفرد تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔ سعودی عرب اور انڈیا نیز دونوں ملکوں کے دوست عوام کے مشترکہ مفادات میں معاون امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے سعودی شہزادہ محمد بن سلمان سے بات چیت کے دوران کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری رشتے مضبوط ہونے چاہئیں اور سرمایہ کاری کی توسیع سے دونوں فریق کو فائدہ ہوگا۔وزارت خارجہ کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق بات چیت کے دوران پی ایم مودی نے ہندوستانی معیشت میں سعودی سرمایہ کاروں کے لیے مواقع کا تذکرہ کیا۔ وزیر اعظم دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں لیڈروں نے 2019 میں قائم دو فریقی پالیسی پر مبنی شراکت داری کونسل کے کام کا تجزیہ کیا اور ہند-سعودی شراکت داری کی مستقل ترقی پر اظہار اطمینان کیا۔ دونوں لیڈر ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان خصوصی دوستی اور دونوں ممالک کے شہریوں کے درمیان آپسی روابط کے جذبہ کے مطابق کووڈ-19 وبا کے خلاف ایک دوسرے کی کوششوں کو حمایت دینا جاری رکھنے پر متفق ہوئے۔