ریاض// سعودی عرب کے صوبے "المنطقہ الشرقیہ" میں ہلال احمر تنظیم نے پیر کے روز شہریوں اور مقیم افراد کو آج شام متوقع موسم کی تبدیلیوں سے خبردار کیا ہے۔ سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے جنرل پریذیڈنسی آف مٹرولوجی کے حوالے سے بتایا ہے کہ پیر کی شام سے ریت کے طوفان اور گرد و غبار کی آندھی کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ صوبے کے شمال میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا بھی امکان ہے۔صوبے میں سعودی ہلالِ احمر تنظیم کے سرکاری ترجمان فہد الغامدی نے باور کرایا ہے کہ دمّام، احسائ اور حفر الباطن کے شہروں میں آپریشنز رْوم کی تیاریاں مکمل ہیں۔ ہنگامی صورت میں ایمرجنسی میڈیکل سروس کے لیے (997) پر اطلاع دی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ (60) ایمرجنسی مراکز اور (8) خصوصی فیلڈ ٹیمیں چوبیس گھنٹے کسی بھی ناخوش گوار یا ہنگامی صورت حال کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔فہد الغامدی نے تمام شہریوں اور مقیم افراد سے مطالبہ کیا کہ وہ موسم کی متوقع تبدیلی کی صورت میں احتیاط برتیں اور اپنی سلامتی کے لیے ٹریفک کے اصولوں کی بھی مکمل پابندی کریں۔
سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں ریت کا طوفان متوقع ، ہلال احمر مکمل طور پر تیار
