جدہ //سعودی ولی عہد و نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزآل سعود اور بحرینی ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے منامہ کے ’الصخیرپیلس‘ میں دوسری سعودی ، بحرینی رابطہ کونسل کے اجلاس کی سربراہی کی۔رابطہ کونسل کے اجلاس میں دونوں ملکوں کی اعلیٰ و اہم شخصیات نے شرکت کی۔اجلاس کے آغاز میں بحرینی ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کو بحرین آمد پرخوش آمدید کہتے ہوئے دونوں ممالک کے گہرے تاریخی و برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے خطاب میں برادر مملکت بحرین کے دورے کو باعث افتخار قرار دیتے ہوئے سعودی، بحرینی رابطہ کونسل اور اس کی ذیلی کمیٹیوں کی اہمیت کو اجاگرکیا جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید ترقی کی جانب لے جانے کے لیے کوشاں ہے۔