ریاض //دنیا کا کوئی خطہ کورونا وائرس کی موذی وبا سے محفوظ نہیں، اس کی تیسری لہر کے دوران مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں جان بوجھ کر کورونا پھیلانے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔سعودی پبلک پراسیکیوشن نے خبر دار کیا ہے کہ جان بوجھ کر کورونا پھیلانے والوں پر جرمانہ عائد ہوگا اور جیل بھی کاٹنی ہو گی۔انہوں نے کہا ہے کہ کورونا وائرس پھیلانے والے افراد کو 5 سال کی سزا اور 5 لاکھ ریال جرمانہ ہوگا۔واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے اب تک سعودی عرب میں 4 لاکھ 12 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 6 ہزار 5 سو سے زائد افراد کورونا وائرس سے انتقال کر گئے ہیں۔ادھراسپین کے جزیرے مایورکا میں 40 سالہ شخص کو کورونا کی علامتیں اور 102 بخار تھا لیکن اس کے باوجود وہ نہ صرف دفتر جاتا رہا بلکہ جیم کا ناغہ بھی نہیں کیا۔مذکورہ شخص نے کورونا ایس اوپیز کی بھی پاسداری نہیں کی اور ماسک نیچے کرکے معمولات زندگی ادا کرتا رہا جس کے باعث آفس کے 5 کولیگز اور جیم کے 3 ساتھی کورونا میں مبتلا ہوگئے۔اسی شخص کے اہل خانہ اور فیملی فرینڈرز میں سے بھی 14 دیگر افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی اور یہ 22 افراد اس شخص سے ملتے رہے تھے جس پر پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا تاہم ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ علامتیں ظاہر ہونے پر اس شخص نے اپنا ٹیسٹ کرایا اور رپورٹ آنے کا انتظار کرنے کے بجائے لیب سے براہ راست آفس چلا گیا۔آفس کولیگز نے اسے واپس جانے کو کہا لیکن اس نے اپنا ماسک نیچے کرکے کہا کہ میں تم سب کو کورونا سے بیمار کردوں گا۔ اگلے روز اس شخص کی کورونا رپورٹ مثبت آگئی۔
سعودی عرب: جان بوجھ کر کورونا پھیلانے والوں کو سزا دینے کا اعلان
