ریاض //سعودی عرب میں کنگ سعود یونیورسٹی نے 1439 – 1440 ہجری کے نئے تعلیمی سال میں طالبات کے لیے Sport Sciences and Physical Activity میں گریجویشن پروگرام متعارف کرایا ہے۔ علاوہ ازیں فزیکل ایجوکیشن میں ہائر ڈپلومہ کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔ وزارت تعلیم کی شراکت سے مذکورہ نئے پروگراموں کا مقصد سعودی خواتین کے لیے کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں کی اہمیت کے حوالے سے سماجی آگاہی کی سطح کو بلند کرنا ہے۔سعودی خبر رساں ایجنسی SPA کے مطابق ہائر ڈپلومہ کے ذریعے فزیکل ایجوکیشن کے شعبے میں سعودی جامعات کی متعدد ٹیچرز اور فارغ التحصیل طالبات کے اندر اس بات کی اہلیت پیدا کی جائے گی کہ وہ تمام تعلیمی مراحل کی طالبات کو فزیکل ایجوکیشن کی تعلیم دے سکیں۔کنگ سعود یونیورسٹی میں Sport Sciences and Physical Activity فیکلٹی کے ڈین ڈاکٹر احمد الفاضل کے مطابق مذکورہ تمام پروگرام سعودی ویڑن 2030 منصوبے کے ضمن میں متعارف کرائے گئے ہیں۔ اس کا مقصد معاشرے میں لوگوں کے اندر صحت مند اور اعلی معیار کی زندگی گزارنے کے حوالے سے شعور بیدار کرنا ہے۔اس حوالے سے ڈاکٹر احمد الفاضل نے سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ، کنگ سعود یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر بدران العمر اور دیگر متعلقہ ذمے داران کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان نئے پروگراموں اور ڈپلومہ کو مقررہ وقت پر شروع کرانے کے لیے مطلوبہ ضروریات کو پورا کیا۔