کھٹمنڈو// مرکزی وزیر خارجہ سشماسوراج نے نیپال کے وزیراعظم شیربہادر دیوبا سے آج ملاقات کی اور حالیہ انتخابات میں کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ دونوں فریقوں نے صدیوں پرانے دوطرفہ تعاون اور تاریخی شراکت داری کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔ اس سے قبل دن میں سوراج نے صدر بدیا دیوی بھنڈاری سے ملاقات کی اور کثیرجہتی ہند۔نیپال تعلقات میں اضافے کے لئے اپنے اپنے نظریات پیش کئے۔ سوراج نے نیپال کے سابق وزیراعظم پشپ دہل کمل سے بھی ملاقات کی۔ محترمہ سوراج جمعرات کے روز کھٹمنڈو پہنچی اور انہوں نے سی پی این۔یوایم ایل کے پی شرما اولی سے ملاقات کی اور تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے حالیہ انتخابات میں پارٹی کی جیت پر مبارکباد بھی پیش کی۔ سشما سوراج نیپال کے دو روزہ دورے پر ہیں جہاں وہ کمیونسٹ اتحاد کی طرف سے نئی حکومت کی تشکیل سے قبل ملک کی سیاسی قیادت سے رسائی حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔ مئی 2014 سے سوراج کا یہ چوتھا دورہ ہے ۔ تاہم دسمبر میں تین سطحی انتخابات کے اختتام کے بعد ان کا یہ پہلا دورہ ہے۔